بینگلور 6/مارچ (ایس او نیوز) کرناٹک ہائی کورٹ نے رجسٹرڈ غیر امدادی پرائیویٹ اسکولس مینجمنٹ اسوسی ایشن (RUPSA) کی درخواست پر عمل کرتے ہوئے دسمبر 2023 میں جاری کردہ ریاستی حکومت کے سرکلر کو منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔ سرکلر نے 5ویں، 8ویں، 9ویں اور گیارہویں کلاسوں کے بورڈ امتحانات کو لازمی قرار دیا تھا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہائی کورٹ کے جسٹس روی ہوسمانجا نے سنگل رکنی بنچ کی صدارت کرتے ہوئے مقررہ امتحانات کو مؤثر طریقے سے روکنے کا حکم جاری کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ریاستی حکومت نے گزشتہ سال ستمبر میں 9ویں اور 11ویں جماعت کے لئے بورڈ امتحانات کا اعلان کیا تھا، جبکہ 5ویں اور 8ویں جماعت کے طلباء کے لیے 2022 میں بورڈ کے امتحانات متعارف کرائے گئے تھے۔
حکومت کے جاری کردہ سرکلر پر روپسا سمیت مختلف حلقوں کی طرف سے شدید مخالفت کی گئی تھی۔ درخواست گزار کی نمائندگی کرنے والے ایڈوکیٹ سدرشن نے حکومت کے فیصلے کے خلاف دلائل دیتے ہوئے ہائی کورٹ کو مداخلت کرنے کی درخواست دی تھی، جس پر ہائی کورٹ فیصلہ سناتے ہوئے بورڈ امتحانات کو منسوخ کرنے کا حکم صادر کیا۔